• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوامیں طوفانی بارشیں،ندی نالوں میں طغیانی،6؍ افراد ہلاک

پشاور، لاہور(نمائندگان جنگ)پشاور اورلاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش کے باعث گرمی کازور ٹوٹ گیا، خیبرپختونخوامیں طوفانی بارشیں کے باعث، ندی نالوں میں طغیانی آگئی، مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے۔لوئر دیر میں گاڑی سیلابی پانی میں بہہ گئی، جس کے باعث بھائی بہن جاں بحق جبکہ میاں بیوی سمیت 4افراد زخمی ہوگئے جبکہ باجوڑ میں طغیانی کے باعث  3بچے او رخاتون سیلابی ریلے کی نذر ہوگئے۔  بارشوں کے باعث لاہور اور پشاور میں درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے جبکہ بارش کی وجہ سے ،نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آگئیں۔تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پرصوبائی دارالحکومت پشاورسمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے، اگلے 24گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں میں شدت کی پیشن گوئی کی گئی ہے جس کے بعد ریسکیو 1122اوردیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیاتاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے فوری طور پر نمٹا جاسکے،ابتدائی اطلاعات کے مطابق دیر میں بہن بھائی ،باجوڑ ایجنسی میں سیلابی ریلہ سے 3بچے اور ایک خاتون جاںبحق ہو گئے۔ ٹانک میں طغیانی ریلہ درجنوں گاڑیوں کو بہا لے گیا۔مختلف واقعات میں 15افراد زخمی ہو گئے۔ بارشوں کا آغاز ہوتے ہی پیسکو کا نظام بھی مفلوج ہوکر رہ گیا اور درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے چہریوں کے لئے ابر رحمت ابر زحمت بن گئی۔ اسی طرح نکاسی آب کے نالوں نے بھی شہری اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی۔ سڑکوں کے جھیلوں میں تبدیل ہونے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔عیدکے تیسرے روز بدھ کو پشاور اور گردونواح میں تیز ہوائوں کیساتھ بارش سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آگئی اور کئی روز سے جاری گرمی کا زورٹوٹ گیا، پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 26جبکہ زیادہ سے زیادہ 37سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 88فیصد رہا، محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو بھی پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیزہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، مون سون بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو خصوصی احتیاطی تدابیراپنانے اورملاکنڈ، ہزارہ، چترال، شانگلہ، سوات، مانسہرہ اور کوہستان کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر لاہور میں موسلادھار بارش نے جہاں موسم خوشگوار کردیا ہے وہیں درجنوں فیڈر ٹرپ کرجانے کی وجہ سے شہر کا بڑا علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔ شہر کی اہم سڑکوں اور نشیبی علاقون میں بارش کا پانی کھڑا ہو گیا ۔ جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل بڑھ گئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ، فاٹا، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور مشرقی بلوچستان میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پشاور میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جب کہ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے، مالاکنڈ، چترال، سوات اور مانسہرہ کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔دوسری جانب پری مون سون کی شدید بارشوں کے دوران جانی و مالی نقصانات سے بچنے کے لیے این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھرمیں نقصانات سے بچنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں اور کسی بھی قسم کے خطرے کی صورت میں نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بروقت نکالا جائے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ مون سون کی بارشوں کا سلسلہ اگلے 48گھنٹے تک جاری رہے گا۔

تازہ ترین