• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کو جے آئی ٹی میں طلب کرنے پر تشویش ہے‘ ن لیگ

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ ن نے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی طرف سے مریم نواز کی طلبی پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ بنی گالا کی چوکھٹ پر ناچنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ گمراہ کن پروپیگنڈے سے حکومت کو کچھ نہیں ہوگا۔ کل تک لال حویلی والا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کیلئے منتیں کر رہا تھا۔ کچھ لوگ روزگار کی تلاش میں ہلکان ہوئے جا رہے ہیں۔ آصف کرمانی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں متحد اور مضبوط ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم محمد نواز شریف کے بچوں کا مقابلہ کرنے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جے آئی ٹی سے متعلق تحفظات کو مزید تقویت ملی ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کو جے آئی ٹی میں طلب کرنے پر تشویش ہے‘ حالانکہ سپریم کورٹ نے انہیں کلیئر قرار دیا تھا۔ ن لیگ کے پارلیمانی سیکرٹری محسن رانجھا نے کہا کہ جے آئی ٹی نے مریم نواز کو طلب کر کے ہمارے تحفظات کو تقویت دی ہے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قوم عمران خان کی منفی سیاست کو مسترد کر چکی ہے۔ عمران خان ملک میں انتشار اور افراتفری چاہتے ہیں۔ عمران خان کو کوئی حق نہیں کہ وہ قوم کے لئے بات کریں۔ جے آئی ٹی کا حال بھی پی ٹی آئی جیسا ہے۔

تازہ ترین