راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے )کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈئر سید حسن رضا نے کینٹ ایریاز میں مون سون بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اب تک ہونے والی کوششوں اور کینٹ بورڈز کی طرف سے نالوں کی صفائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ آصف میر اور راولپنڈی کینٹ بورڈ کے ایڈیشنل سی ای او رانا رمیض شفقت بھی موجود تھے ، کینٹ بورڈ ذرائع کے مطابق کورکمانڈر راولپنڈی کو بتایا گیا کہ 70تا 80فیصد نالوں کی صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ شہریوں میں آگاہی مہم شروع کی گئی ہے کہ نالوں میں کوڑا کرکٹ نہ پھینکا جائے ، کور کمانڈر راولپنڈی نے کینٹ بورڈ ز حکام کی طرف سے نالوں کی صفائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج مون سون بارشوں سے ممکنہ ہنگامی سیلابی صورتحال میں مدد کیلئے تیار ہے ،کینٹ بورڈ ذرائع کے مطابق اس سے قبل ایڈیشنل سی ای اورانا رمیض شفقت نے دونوں کینٹ بورڈ کے ایگزیکٹو افسران کے ہمراہ سٹیشن کمانڈر بریگیڈئر سید حسن رضا کو کینٹ نالوں کی صفائی کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔