گجرات(نمائندہ جنگ)ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے مشیر وزیر اعلیٰ نوابزادہ طاہر الملک، ایم این اے چودھری عابد رضا، ایم پی اے میجر (ر) معین نواز اور پاک فوج کے افسروں کے ہمراہ دریائے چناب کے کوٹ پتواں، کولوال، شہباز پور، بہلول پور، شامپور حفاظی بند اور ہیڈ مرالہ کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال اور دریا کیساتھ آباد دیہات کو نقصانات سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا، ایکسئن انہار سید قلب عباس اور محمد شفیق نے انہیں حفاظتی بندوں کی موجودہ صورتحال، جاری منصوبہ جات، ہیڈ مرالہ میں اپ سٹریم پانی کی آمد اور ڈاؤن سٹریم اخراج کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ دریا ئے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر 11لاکھ کیوسک پانی کے اخراج کی گنجائش ہے جبکہ رواں پری مون سون میں زیادہ سے زیادہ پانی کی مقدار 1لاکھ65ہزا رکیوسک اپ سٹریم رہی ہے، فوری طور پر سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔ شہباز پور پل کی تعمیر اور دریائے چناب کی الائمنٹ سے گجرات کے بیشتر دیہات آئندہ سیلاب کے خطرات سے محفوظ ہو جائیں گے۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب نوابزادہ طاہر الملک نے کہا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ نے ہر طرح کی صورتحال سے نبزد آزما ہونے کیلئے تیاری کر لی ہے۔