صوابی( نمائندہ جنگ)بیسک ہیلتھ یونٹ شیوہ کی نارنجی ڈسپنسری کے ای پی آئی ٹیکنیشن سہیل احمد کو دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ کے خلاف پیرا میڈیکل ایسو سی ایشن ضلع صوابی کے زیر اہتمام پیرا میڈیکس نے احتجاجی مظاہرہ کر کے صوابی مر دان روڈ کو بند کر دیا۔ پولیس تھانہ پر مولی کی رپورٹ کے مطابق ڈسپنسری نارنجی کے ای پی آئی ٹیکنشن سہیل احمد ہفتہ کی سہ پہر ڈیڑھ بجے چھٹی کے بعد اپنے گھر واقع موضع کالو خان موٹر سائیکل پر جارہے تھے جب وہ نارنجی روڈ مداخیلہ کے مقام پر پہنچے تو دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔واقعہ کے خلاف پی ایم اے کے ضلعی صدر فضل حکیم کی قیادت میں محکمہ صحت کے پیرا میڈیکس نے احتجاجی مظاہرہ کر کے صوابی مر دان روڈ کو بند کر دیا انہوں نے اس امر پرافسوس کااظہار کیا کہ ضلع صوابی میں اب تک محکمہ صحت کے نو اہلکار نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہو چکے ہیں محکمہ صحت اہلکاروں کو کسی قسم کا تحفظ حاصل نہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ تین یوم کے اندر اندر مقتول کے ملزمان کا سراغ لگا کر جلد از جلد گرفتار کر نے کے علاوہ ان کے ورثاء کو شہید پیکیج دیا جائے۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کیا۔ شہید ٹیکنشن سہیل احمد کو ہفتہ کی رات اپنے آبائی گائوں موضع کالو خان ضلع صوابی میں سپرد خاک کر دیا گیا