• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی کسی صورت جمہوریت کوڈی ریل نہیں ہونےدیگی:رہنما

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے اراکین عبدالقادر شاہین اور خواجہ رضوان عالم نے کہا ہے کہ آج شریف چوروں کی عدالتی تفتیش شروع ہوئی ہے تو انہوں نے عدلیہ کے ساتھ جنگ کی صورتحال اختیار کرتے ہوئے اسے فتح کرنے کی ٹھان لی ہے۔پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا شہید بے نظیر بھٹو کو ہی یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے سکھر جیل میں قید و بند کی صبعوبتیں برداشت کرتے ہوئے محروم عوامی طبقوں کی جنگ لڑی ریاستی اداروں کی تمام مشکلات کے باوجود وہ عوام کے ووٹوں سے بار بار اقتدار میں آئیں، اداروں کو مضبوط کیا اور عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو بھی پورا کیا۔ مزدور طبقے کو بے بہا مراعات اور نکالے گئے ملازمین کو بحال اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔ خواتین کو اقتدار میں برابر کا شریک بنایا، جب بھی مشکل وقت آیا انہوں نے اپنے شہید بابا ذوالفقار علی بھٹو کی طرح نام نہاد انتقامی کیسز کا عدالتوں میں سامنا کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ وہ جب سے وجود میں آئی ہے اس نے زندگی سے تعلق رکھنے والے تمام شعبوں کی سیاست کی ہے جو خدمات ہم نے سرانجام دیں وہ کسی نے نہیں دیں۔ پارٹی رہنمائوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کسی صورت جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دے گی۔آنے والا وقت پیپلزپار ٹی کا ہوگا عوام کی امیدوں کا مرکز پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو زرداری ہے جو اگلا وزیراعظم پاکستان ہوگا۔ تمام پارٹی عہدیداران و کارکنان ان کی قیادت میں متحد ہیں۔
تازہ ترین