راولپنڈی (وسیم اختر، سٹاف رپورٹر) راولپنڈی ریجن کے 2پولیس سٹیشنوں کی نئی عمارتوں کی تکمیل کے بغیر ہی ان کا افتتاح کر دیا گیا۔ آرپی او راولپنڈی ریجن محمد وصال فخر سلطان راجہ نے رمضان المبارک میں راولپنڈی ریجن کے 2پولیس سٹیشنوں تھانہ منگلا کینٹ جہلم اور تھانہ صدر بیرونی کا افتتاح کیا۔ اُنہوں نے 13جون کو جہلم کے دورے کے دوران منگلا کینٹ میں نئی تعمیر ہونیوالی بلڈنگ کا افتتاح کرتے ہوئے وہاں لگائی گئی تختی کی باقاعدہ نقاب کشائی کی لیکن آج 20دن بعد بھی یہ پولیس سٹیشن مکمل نہیں ہو سکا اور نہ ہی یہاں تھانہ منتقل ہو سکا ہے۔ ادہر آرپی او فخر سلطان راجہ نے 19مارچ کو راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کی نئی بلڈنگ پر نصب کی گئی اپنے نام کی تختی کی نقاب کشائی فرمائی لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ اس پولیس سٹیشن کی نئی عمارت بھی تاحال مکمل نہیں ہو پائی۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ دونوں نئی عمارتیں غیرمعیاری ہیں۔ تھانہ منگلا کے دورے کے دوران آرپی او نے اسکے بعض نقائص کی نشاندہی کی تھی جبکہ تھانہ صدر بیرونی کی تعمیر جسے معاہدے کے مطابق 2سال میں تعمیر ہونا تھا‘ مذکورہ بلڈنگ محکمہ تعمیرات پنجاب کی نااہلی کی وجہ سے 4برس بعد بھی یہ بلڈنگ مکمل نہیں ہوسکی۔ اس دوران اسکی لاگت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق تھانہ صدر بیرونی کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام 5جون 2013ء کو شروع ہوا تھا‘ اور اس پر لاگت کا تخمینہ 3کروڑ 46لاکھ لگایا تھا تاہم مقررہ مدت 2سال میں یہ کام پایہ تکمیل تک نہ پہنچنے کی وجہ سے اسکی لاگت میں 3کروڑ 62لاکھ روپے سے زیادہ خرچ آ چکا ہے لیکن اس کا کام تاحال مکمل نہیں پایا، جبکہ اس بلڈنگ کا جائزہ لینے کے بعد بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کا معیار انتہائی ناقص ہے‘ اسکی کھڑکیاں دروازے اور فرشوں کی حالت انتہائی غیرمعیاری ہے‘ واش روم ناقص ہیں اور بلڈنگ کی تعمیر میں استعمال کیا گیا مٹیریل بھی ناقص معلوم ہوتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض منظور نظر ٹھیکیداروں کی وجہ سے محکمہ تعمیرات کے بعض افسروں کی ملی بھگت کے باعث ان تھانوں کی تعمیر میں تاخیر ہوئی تاہم دونوں نامکمل تھانوں کا افتتاح انکی تکمیل سے قبل کیا جانا راولپنڈی پولیس کے حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ ادہر تھانہ سٹی راولپنڈی کی بلڈنگ جس کی تعمیر کا کام 17مارچ 2014ء کو شروع ہوا تھا‘ وہ بھی تاحال مکمل نہیں ہوپائی۔