راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پیر کوبدترین ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدیددقت کاسامناکرناپڑا،مری روڈ اوراس سے ملحقہ سڑکوں ٹیپوروڈ،لیاقت روڈ،راجہ بازار،راشد منہاس روڈ ،گوالمنڈی روڈ،اقبال روڈ، راول روڈ ،ڈبل روڈ اوردیگرشاہراؤں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اورشدیدگرمی کی وجہ سے گاڑیوں میں سوار خواتین ،بچے اوربوڑھے پسینے سے شرابور ہوگئے ۔ مری روڈپر لیاقت باغ چوک سے چاندنی چوک تک سڑک کو دوپہرسے ہی رکاوٹیں لگاکربندکردیا گیا تھا۔ادھرکمیٹی چوک میں بھی ٹریفک کوبندکردیا گیا۔ اسلام آبادسے آنے والی ٹریفک کو راول روڈ کی جانب موڑدیاگیا،جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثرہوئی۔پریشان حال لوگ انتظامیہ اورپولیس کوکوستے رہے یہ سلسلہ رات تک جاری رہا۔بعض مقامات پرایمبولینس گاڑیاں بھی ٹریفک میں پھنسی نظرآئیں ، ٹریفک میں پھنسے شہریوں کاکہناتھاکہ عام طورپرجلوسوں اورریلیوں کی پیشگی اطلاع دی جاتی ہے جس سے باخبرشہری ریلی یا جلوس والے علاقہ میں جانے سے گریزکرتے ہیں لیکن انہیں کچھ پتہ نہیں کہ مری روڈ کوکیوں بندکیاگیا ہے اوراس بارے نہ توسٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک رواں رکھنے کے لئے کوئی متبادل ٹریفک پلان دیا اورنہ ہی انتظامیہ نے شہریوں کواس بابت آگاہ کیا۔