راولپنڈی (وسیم اختر، سٹاف رپورٹر) تھانہ صدرگوجرخان کی منظوری لئے بغیرہی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے راولپنڈی پولیس نے 38ملین روپے مانگ لئے۔ ذرائع کے مطابق 2013میں راولپنڈی پولیس نے گوجرخان کے علاقہ میں ایک نئے پولیس سٹیشن تھانہ صدرگوجرخان (قاضیاں ) کے قیام کے لئے تجویزآئی جی پولیس پنجاب کوبھجوائی جنہوں نے اس منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے یہ پروپوزل ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو بھجوادی تاہم اس حوالے سے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اس کی باضابطہ منظوری نہیں دی اوراس حوالے سے اب تک نوٹیفیکشن جاری نہیں ہوسکا، اوراس حوالے سے نہ ہی متعلقہ اہلکاروں نے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا۔لیکن اس دوران راولپنڈی پولیس کے حکام نے نئے پولیس سٹیشن کی عمارت بنانے کے لئے قاضیاں گوجرخان میں اراضی کاانتخاب کرکے اس کاپی سی ون بناکرتخمینہ لاگت کرسینٹرل پولیس آفس لاہورکوبھیج دیااورپی سی ون کی منظوری دینے کی استدعاکرتے ہوئے تین کروڑ80لاکھ روپے گرانٹ جاری کرنے کی درخواست کردی ۔اس بارے جب سینٹرل پولیس آفس لاہورمیں جائزہ لیاگیاتوانکشاف ہواکہ ابھی تونئے تھانے صدرگوجرخان کے قیام کی منظوری ہی نہیں ہوئی توعمارت کی تعمیرکیسے ہوسکتی ہے ۔اس حوالے سے اے آئی جی ڈویلپمنٹ سینٹرل پولیس آفس لاہور نے راولپنڈی پولیس کومراسلہ بھیجاہے کہ اب نئے سرے سے اس بارے کیس تیارکرکے لاہوربھیجاجائے تاکہ ہوم ڈیپارٹمنٹ سے تھانہ صدرگوجرخان کی باقاعدہ منظوری لی جائے ۔