اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے انتظامیہ کی طرف سے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس اور ڈومیسائل کی زائد فیس کی وصولی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ اس بات کی وضاحت کرے کہ بادی النظر زائد فیس کی وصولی کن وجوہات کی بنا پر اور کیوں لی جا رہی ہے؟ زائد فیس کی وصولی کب سے اور کس کی منظوری سے لی جا رہی ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ایک ہی دستاویز کے اجراء کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں مختلف فیس کا وصول کیا جانا غیر منصفانہ اور غیر منطقی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔