وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیس بک کےنائب صدر جوئیل کپلن سے ملاقات کے دوران کیا ،اس موقع پر فیس بک انتظامیہ نے دہشت گردی اور تشدد ابھارنے کے حوالے سے مواد ہٹانے کے عزم کا اظہار کیا ۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق وزیرداخلہ سے فیس بک کے نائب صدر کی ملاقات میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی روک تھام کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق فیس بک کے نائب صدر نے اقدار کے فروغ اور کمیونٹی معیار برقرار رکھنے اور نفرت اور اشتعال انگیز مواد ہٹانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ فیس بک گلوبل پبلک پالیسی کی جانب سے کسی اعلیٰ افسر کا دورہ پاکستان ہے۔
ملاقات میں وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم امہ توہین آمیز مواد کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر تشویش میں مبتلا ہے، ہمارے مذہب اور مقدس ہستیوں سے زیادہ کوئی بھی مقدس نہیں ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت آزادی اظہار پر پختہ یقین رکھتی ہے،لیکن مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دے سکتے۔