شہدادپور (نامہ نگار )ضلع سانگھڑ کے 19تھانو ں کی حدود سے سال رواں کے 6ماہ کے دوران ایک ہزار 62 مختلف نوعیت کے مقدمات درج کرکے 1850ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے دوران 3ڈاکو غلام حسین کھوسو،شاہد آرائیں،ارشد ملک کو ہلاک جبکہ 7ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
دیگر گرفتار شدگان میں 3سو 84روپوش اور114 اشتہاری ملزمان شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی سانگھڑ ڈاکٹر فرخ علی نے تعلقہ شہدادپور کے تھانوں کی ماہانہ انسپکشن کے بعد ڈی ایس پی آفس شہدادپور میں مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی عابد قائم خانی اور ایس ایچ او بدرالدین برڑو بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی سانگھڑ نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور منشیات فروشوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہیں جن میں 2کلاشنکوف، 50بندوقیں، 3رائفل 48پسٹل 8ریوالور 2سو99گولیاں اور 62کارتوس شامل ہیں۔
منشیات فروشوں کے قبضے سے 62گرام ہیروئن 27کلو 9سو گرام چرس 2سو44کلو بھنگ 5بوتل ولایتی وہسکی ہزاروں لیٹر کچی شراب مضر صحت گٹکا اور میں پوڑی کی ہزاروں پڑیاں برآمد کی گئی پولیس نے 185جوئے کے اڈوں پر چھاپے مارکر 31لاکھ 59ہزار 3سو روپے کا مسروقہ سامان بھی ملزمان کے قبضے سے برآمد کیا ہے۔