اسلام آباد (وقائع نگار) سابق وزیر داخلہ اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ان سے ملک کی سیاسی ، اقتصادی اور سرحدی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،رحمان ملک نے جے آئی ٹی کے حوالے سے اپنے بیان اور جے آئی ٹی کیس کے حوالے سے اپنی معلومات پر مبنی رپورٹ آصف علی زرداری کو پیش کر دی ۔ آصف علی زرداری نے بگڑتی ہوئی خارجہ پالیسی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ میاں نواز شریف،شہباز شریف اور ان کے سارے خاندان کے علاوہ وفاقی وزرا ملک کی سرحدوں اور بین الاقوامی صورتحال پر توجہ دینے کی بجائے اپنے اقتدار بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں،انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے دکھاوے کے فیتے کاٹے جارہے ہیں جبکہ عوام کی حالت دن بدن خراب ہو تی جارہی ہے عوام مہنگائی کی چکی میں پس ِرہے ہیں۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی عام الیکشن کی تیاریاں اور عوام سے رابطہ کریں۔دریں ثنا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پی پی کے رہنما و سینیٹر رحمان ملک نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔