• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ غازیخان، دریائے سندھ میں پولیس کی کشتی ڈوب گئی‘3اہلکار لاپتا

ڈیرہ غازی خان، دراہمہ (نمائندہ جنگ،نامہ نگار) دریائے سندھ میں پولیس کی کشتی چھ اہلکاروں سمیت ڈوب گئی ،تین جوانوں کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ 3لاپتا ہو  گئے ،جن کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے،تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقہ دراہمہ میں غازی گھاٹ کے مقام پنجاب پولیس کے اہلکار دریائے سندھ میں تربیتی مشق کر رہے تھے کہ اچانک پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کشتی بے قابو ہو گئی ، بجلی کے ہائی ٹرانشمیشن لائن سے جا ٹکرائی ، جس کے باعث کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی اور کشتی میں سوار چھ پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل اسلم ، کانسٹیبل تیمور نواز ، کانسٹیبل علی ،کشتی ڈرائیو بلال ، انیس اور اعجاز دریا میں ڈوب گئے ، قریبی ملاحوں اور غوطہ خوروں نے تین اہلکاروں بلال ، انیس اور اعجاز کو زندہ بچا لیا ، تاہم اسلم ، تیمور نواز اور علی حمزہ  دریائے سندھ کی طوفانی لہروں میں لاپتاہو گئے ، ریسکیو 1122، پولیس کے غوطہ خور وں نے ڈوبنے والوں کی تلاش شروع کر دی ۔ تاہم اندھیرا  ہونے پر ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ، امکان  ظاہر کیا جارہا ہے کہ تینوں اہلکار دریا کی طوفانی لہروں کی نظر ہو گئے ، دریں اثناء آر پی او رحمت اللہ نیازی ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اللہ رکھا انجم ، ڈی پی او ڈیرہ احمد نواز چیمہ ،ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر ناطق حیات سمیت دیگر متعلقہ افسران موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو انتظامات کا جائزہ لیا ۔ دوسری طرف واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام ڈاکٹروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیدیا گیا ۔  مقامی ملاح گل محمد کے مطابق کسی اہلکار نے حفاظتی جیکٹ نہیں پہن رکھی تھی ذرائع کے مطابق کشتی کو چلانے والا کوئی آپریٹر نہیں تھا بلکہ عام پولیس اہلکار تھا  جبکہ کشتی چھ سال پرانی تھی۔
تازہ ترین