مردان(نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی ضلع مردان کے زیر اہتمام بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا مظاہرین نے ہوتی ہاؤس سے پاکستان چوک تک مارچ کیا اور ٹائر جلاکر روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کردیا مرکزی حکومت کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر خواجہ محمد خان ہوتی اور ضلعی صدر نوابزادہ اورنگزیب خان ہوتی کی قیادت میں ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیامظاہرین نے ہوتی ہائوس طورو چوک،خواجہ گنج،سرفراز گنج، بازارشہیدان سے ہوتے ہوئے پاکستان چوک پہنچے جہاں مظاہرے نے جلسے کی شکل اختیار کرلی بجلی کے ستائے ہوئے مظاہرین نے مختلف پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر مرکزی اور صوبائی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے مظاہرین نے یہاں ٹائر جلائے اور کئی گھنٹوں تک اہم شاہراہ کو بلاک کئے رکھا مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے مرکزی رہنما خواجہ محمد خان ہوتی نے کہا کہ ضلع مردان کے عوام مرکزی حکومت کی جانب سے ناروا لوڈشیڈنگ سے عاجز آ چکی ہے اگر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا تو اگلے مظاہرے میں عوام کے ساتھ ملکر واپڈا کے دفاتر پر دھا وا بول دیں گے انہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی اور انصاف کے دعویداروں اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے جھوٹے وعدے کرنے والوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور وہ مزید خوشنما دعوؤں اوروعدوں میں نہیں آئیں گے۔