ٹھٹھہ(نامہ نگار) گمشدہ قوم پرست کارکنان کی بازیابی کے لئے شروع کیا گیا لانگ مارچ ٹھٹھہ پہنچا۔ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر تنظیموں کی جانب سے گمشدہ قوم پرست سیاسی کارکنان کی بازیابی کے لئے حیدرآباد سے شروع کیا گیا پیدل لانگ مارچ معشوق چانڈیو، سورٹھ لوہار، نورین آریجو، امر فیاض و دیگر کی قیادت میں سجاول کے راستے ٹھٹھہ پہنچا، مقامی قوم پرست کارکنان نے ٹھٹھہ سجاول پل سمیت مختلف مقامات پر قافلے کے شرکاء کا استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اجرک کے تحائف پیش کیے۔ لانگ مارچ کے شرکاء نے ہاتھوں میں قوم پرست جماعتوں کے جھنڈے اور گمشدہ کارکنان کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر قافلے کے قائدین نے کہا کہ گزشتہ کافی عرصہ سے 43 سے زائد قوم پرست سیاسی کارکنان گمشدہ ہیں جن کے متعلق کوئی معلومات بھی فراہم نہیں کی جا رہی ہے جس کے باعث ان کے ورثاء اور قومپرست سیاسی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ قافلہ پر امن طور کراچی پہنچ کر انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا کو حقائق سے آگاہ کرے گا۔ دریں اثناء گمشدہ کارکنان کی بازیابی کا لانگ مارچ ٹھٹھہ کے نواحی گاؤں صالح محمد کرنانی میں رات گزارنے کے بعد منگل کی صبح دس بجے شاہی بازار سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچ کر احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد بذریعہ قومی شاہراہ کراچی روانہ ہوگا۔