کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا ہے کہ انہیں قومی ہاکی ٹیم کو اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ میں رسائی کا ٹاسک دیا گیا تھا جو ہم نے حاصل کر لیا ہے، منگل کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں ہماری ناقص کار کردگی کی اصل وجہ کھلاڑیوں میں تجربے کی کمی ہے، نو کھلاڑی پہلی مرتبہ انٹر نیشنل میچزکھیل رہے تھے جن کو بڑے مقابلے کا تجربہ نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ پاکستاننے 2014کے ورلڈ کپ اور 2016کے اولمپک گیمز میں رسائی حاصل نہیں کی تھی خواجہ جنید نے کہا کہ سابق ہاکی اولمپئینز ان کے استعفی کا مطالبہ کررہے ہیں، مجھے یہ ذمے داری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دی ہے اگر اس نے مجھ سے ذمے داری واپس لی تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ ٹیم اکتوبر میں بنگلہ دیش میں ایشیاء کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں حصہ لے گی، قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں اچھی کار کردگی اور مثبت نتائج کے لئے یورپی ٹیموں کے ساتھ مقابلے کا بندو بست کیا جائے گا، کئی ملکوں نے پاکستان کی میزبانی کی پیش کش کی ہے، خواجہ جنید نے کہا کہ ملک میں ہاکی کے بحران کے خاتمے اور باصلاحیت ٹیلنٹ کے حصول کے لئے پی ایس ایل کی طرز پر ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جائے جس سے اچھے کھلاڑی سامنے آ ئیں گے، خواجہ جنید نے ورلڈ کپ لندن رسائی رائونڈ میں قومی ٹیم کی پر فار منس کے حوالے سے اپنی رپورٹ پی ایچ ایف کو پیش کردی ہے جس میں انہوں نےکھلاڑیوں کی پر فار منس کے بارے میں ویڈیوز بھی فیڈریشن حکام کو پیش کی ہے رپورٹ کے مطابق کھلاڑیوں کی ناتجربہ کاری میگا ایونٹ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کی سب سے بڑی وجہ بنی ۔کوچ کی جانب سے بتایا گیا کہ کھلاڑیوں کا گیم پلان پر عمل نہ کرنا شکست کیاہم وجہ ہے۔