• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متعلقہ اداروں کا عملہ غائب، بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، شہری مشکلات کا شکار

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، سیوریج اور بارش کے پانی کی آمیزش کے باعث شہریوں خصوصاً بچوں میں جلد سمیت وبائی امراض پھیل رہے ہیں ۔حیدرآباد میں انتظامیہ کی جانب سے بارش سے قبل ایمرجنسی پلان اورتیاریاں مکمل ہونے کے دعوے کئے گئے تھے لیکن مون سون کی بارشیں شروع ہوتے ہی بلدیہ،واسا،میونسپل کمیٹی قاسم آباد ودیگر متعلقہ اداروں کابیشتر عملہ غائب رہا جس کی وجہ سے شہر کی اہم سڑکوں ٹھنڈی سڑک، قاضی قیوم روڈ،مکی شاہ روڈ،اسٹیشن روڈ،ٹنڈویوسف روڈ،پھلیلی،آٹو بھان روڈ سمیت ریلوے اسٹیشن،امریکن کوارٹرز، نورانی بستی،سحرش نگر،انورولاز،نیووحدت کالونی،میرفتح کالونی ودیگر علاقوں میں کئی کئی فٹ تک بارش کاپانی جمع ہوگیا، بارش ختم ہونے کے2روز بعد بھی بیشتر علاقوں سے پانی نکالا نہیں جاسکا جبکہ پہلے سے موجود کچرے کے ڈھیر اور کیچڑ جمع ہونے کے باعث شہریوں کے لئے مذکورہ علاقوں میں چلنا مشکل ہوگیاہے۔ حیسکو،واسا سمیت بلدیاتی اداروں کے افسران نے بارش سے قبل پمپنگ اسٹیشنوں اورنشیبی علاقوں کے دورے کرکے دعویٰ کیاتھا کہ مون سون بارشوں کے حوالے سے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں بارش کے دوران شہریوں کو کوئی مشکل نہیں ہوگی لیکن جیسے ہی بارش ہوئی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اورشہری کئی کئی گھنٹےتک بارش کے پانی کے باعث مشکلات کا شکار رہے ۔
تازہ ترین