ٹھٹھہ(نامہ نگار) سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے سول اسپتال مکلی کی انتظامیہ کے خلاف ڈی سی آفس چوک سے سول اسپتال مکلی کے صدر دروازے تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے اسپتال کے مرکزی دروازے کے باہر دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی، اس موقع جلال شاہ، ناتھو خان بروہی، عبدالستار میرانخور و دیگر مظاہرین نے کہا کہ سول اسپتال مکلی ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کا واحد بڑا اسپتال ہے تاہم این جی او کے زیر انتظام آنے کے بعد اسپتال ریفر سینٹر میں تبدیل ہوچکا ہے، رات کے اوقات میں اسپتال میں ڈاکٹر موجود نہیں ہوتے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی وارڈ اور گائنی وارڈ سمیت اسپتال کے مختلف شعبوں میں فنڈز نہ ملنے کا بہانہ بنا کر ادویات کی فراہمی بند کردی گئی ہے جس کے باعث مریض دربدر و پریشان ہیں اور انہیں ادویات خریدنی پڑتی ہیں۔