اسلام آباد (ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ جو ماحول بن رہا ہے اس سے سیاسی جماعتوں میں سے صرف پیپلز پارٹی ہی باقی رہ جائے گی۔ جلد نمبر دس کی بات ہو رہی ہے مگر دس نمبر کا ہندسہ بڑا بدنام ہے۔جے آئی ٹی کی 96فیصد رپورٹ میری معلومات پر مبنی ہے، جمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ میری رپورٹ اور جے آئی ٹی کی رپورٹ ایک ہے۔
اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ قاضی خاندان کے ساتھ ملاقات نہیں ہوئی اس حوالے سے سابق چیئرمین نیب جنرل (ر) امجد حسین نے غلط بیانی کی۔ جے آئی ٹی نے میرے حوالے سے غلط کہا ہے مگر میں جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد نہیں کرتا۔ جے آئی ٹی نے بہت محنت کی ہے۔ پانامہ کیس پر زیادہ کمنٹ نہیں کرونگا۔ ایک عدالت سپریم کورٹ کے اندر لگی ہے اور ایک عدالت سپریم کورٹ کے باہر لگی ہے۔ اب ہمیں پاکستان کے مستقبل کے لئے کسی کا حکم ماننا ہو گا۔ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آتا ہے اس کو ماننا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں جو ماحول چل رہا ہے اس میں تمام جماعتیں ختم ہو جائیں گی اور صرف پاکستان پیپلزپارٹی رہ جائے گی۔ جلد نمبر دس کی بات ہو رہی ہے مگر دس کا ہندسہ بڑا بدنام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی میں پوری تفصیل دی جس میں 15 ثبوت بھی شامل تھے۔ اگر میں نے کچھ غلط دیا ہے تو مجھے بلائیں میں ثابت کروں گا کہ میں نے جو دیا اور صحیح ہے۔