راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ضلع کونسل راولپنڈی کا مالی سال 2017-18ء کا بجٹ منظور کر لیا گیا۔ ضلع کونسل کے بجٹ میں اخراجات کا کل حجم ایک ارب 23کروڑ 88لاکھ 90ہزار روپے ہے جبکہ ضلع کی آمدنی ایک ارب 58کروڑ 72لاکھ 38ہزار روپے متوقع ہے۔ جس میں پی ایف سی شیئر (پنجاب حکومت گرانٹ) تقریباً 36کروڑ، ضلع کونسل کی اپنی آمدنی 49کروڑ ایک لاکھ روپے کے قریب متوقع ہے۔ چیف آفیسر ضلع کونسل شاہد عمران مارتھ اور ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس راجہ فیصل کے مطابق ترقیاتی بجٹ 93کروڑ 79لاکھ60 ہزار روپے ہے‘ جاری منصوبوں کیلئے 15کروڑ 85لاکھ 60ہزار روپے، نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 70کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس رقم سے الگ محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ کیلئے 60لاکھ روپے چندہ فیس رکھی گئی ہے۔ سی سی بی کی نئی سکیموں اور سول ڈیفنس کیلئے کوئی رقم نہیں رکھی گئی۔