وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے لاہور میں ہونے والے دہشت گردی کے افسوس ناک واقعے کے بعد اپنی پریس کانفرنس ملتوی کردی۔
چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ میرےسیاسی معاملات پر قیاس آرائی نہ کی جائے،لاہور میں ہونے والے دھماکے کے واقعے کے بعد ممکن نہیں کہ سیاسی معاملات پر بات کروں، جس ایشو پر اظہار خیال کرنے آیا ہوں اسے منسوخ نہیں ملتوی کررہا ہوں۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار کو گزشتہ روز حکومت سے اختلافات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرنی تھی تاہم ان کی کمر میں تکلیف کی وجہ سے یہ پریس کانفرنس ملتوی کر دی گئی تھی، وہ آج بھی جب پریس کانفرنس کے لیے آئے تو ان کے چہرے سے تکلیف کے آثار ظاہر ہو رہے تھے۔
وزیر داخلہ نے آتے ہی لاہور ذھماکے کے حوالے سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کنفرم نہیں کہ واقعہ دہشت گردی کا ہے یا حادثاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند روز بڑے کرب میں گزرے ، کئی معاملات اور مسائل تھے جو آپ سے چھپے ہوئے نہیں ہیں، آج بھی صحت صحیح نہیں ۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ آج لاہور سے بدقسمتی سے خوفناک خبریں آنا شروع ہوگئیں،لاہور واقعے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری تھا، جاں بحق افرادمیں زیادہ تر تعداد پولیس اہلکاروں کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان حالات میں میرا دل نہیں مانتا کہ سیاست پر اظہار خیال کروں، مجھے کیا کہنا ہے کیا نہیں، اس پرکم سے کم قیاس آرائی نہ کی جائے، مجھے جو کچھ کہنا ہے پریس کانفرنس میں کہوں گا۔