راولپنڈی (ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) راولپنڈی بورڈ میٹرک کے امتحانات کے نتائج میں طالبات ایک بار پھر بازی لے گئیں۔ بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا ۔ کامیاب امیدواروں کا تناسب 77.72 فیصد رہا امتحانات میں 122515 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں 94402 کامیاب ہوئے۔ پہلی تمام پوزیشن طالبات نے حاصل کیں۔ بورڈ میں پہلی پوزیشن ریڈینٹ سیکنڈری سکول اقبال ٹائون راولپنڈی کی امبر لیاقت چوہدری نے 1082نمبر لے کر، دوسری پوزیشن وینگٹن ہائی سکول فار گرلز کھیوڑہ جہلم کی مریم خالد نے1079 نمبرلے کر جبکہ تیسری پوزیشن چار طالبات ریڈینٹ سکول کی اریب اسلم،فوجی فائونڈیشن ماڈل جھاٹلہ چکوال کی ام سلمیٰ ، ،ڈسٹرکٹ پبلک سکول چکوال کی رمشہ واجد اور صدیق پبلک سکول اصغر مال کی میمونہ افضل نے1077 نمبر لے کر حاصل کی۔ سائنس گروپ میں پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن بھی اول آنے والی طالبات نے حاصل کی جبکہ سائنس گروپ میں طلبا میں پہلی پوزیشن ریڈینٹ سکول راولپنڈی کے سید اّیان ثاقب نے 1075 نمبر لے کر، اسی سکول کے عبیداللہ نے 1073 نمبرلے کردوسری جبکہ کیڈٹ کالج حسن ابدال کے احمد نور نے 1070 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس گروپ میں طالبات میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خیابان سرسید کی آمنہ ا براہیم نے 1005 نمبر لے کر،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول و اسا اٹک کی بی بی زینب998 اور گورنمنٹ اسلم ہائی سکول ڈھوک کشمیریاں کی زہرہ بانو نے 998 نمبر لے کر دوسری پوزیشن جبکہ تیسری پوزیشن گورنمنٹ ہائی سکول کنڈ (اٹک) کی بی بی شمرہ اور تعمیر بشیر کالونی نون راولپنڈی کی جویریہ بتول نے 995 نمبر لے کرحاصل کی۔ آرٹس گروپ طلبا میں پہلی پوزیشن جامعہ بیت السلام تلہ گنگ کے امان عبداللہ نے 968 نمبر لے کر، دارالعلوم پیر سید احمد شاہ فتح جنگ کے فرحت شہزاد نے961 نمبر لے کر دوسری اور دارالعلوم ممدیہ رضوی کوٹ کلاں پنڈدادن خان کے محمد ثنا اللہ کرم نے 956 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔