ن لیگ کو ناراض وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کو منانے میں اہم پیشر فت ہوئی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ان سے ملاقات کی اور گلے شکوے سنے اور پھر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی ۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسلام آباد وفاقی وزیر داخلہ سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات مثبت رہی ،وفاقی وزراء اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے ۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں چوہدری نثار نے گلے شکوے کیے اور اپنے تحفظات کا کھل کا اظہار بھی کیا،وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ان سے درخواست کی کہ وہ اپنے تحفظات کا اظہار پارٹی کے اندر ہی کریں، وزیراعظم کے سامنے بیٹھ کر بات کرلیں ،مگر معاملہ میڈیا پر نہ لائیں۔
چوہدری نثار نے کہا پارٹی قیادت کے جس رویے کی توقع تھی وہ نہیں ہے، ہمیشہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا،لیکن انہیں اہم مشاورتی عمل سےباہر رکھنا سمجھ سےبالاترہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا اختلاف رائے آپ کا حق ہے،پارٹی معاملات پر جن امور کی آپ نے نشاندہی کی اس پر وزیراعظم کو اعتماد میں لوں گا، معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے سے ہی پارٹی مضبوط ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیاگیاکہ وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ کی جمعرات کو پھر ملاقات ہوگی اوروزیراعظم کو بیرون ملک واپسی پر تمام امور سے آگاہ کیاجائےگا۔