• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر : نہروں کے پشتوں پر قائم تجاوزات ختم کرنے کیلئے آپریشن کا آغاز

سکھر (بیورو رپورٹ) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں رائس کینال، دادو کینال اور کیر تھر کینال کے پشتوں پر قائم تجاوزات ختم کرنے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ نیو سکھر محمد یوسف شیخ کی سربراہی میں سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں رائس کینال، دادو کینال اور کیر تھر کینال کے کنارے رہائش پذیر افراد کو ہٹانے کے لئے سٹی بائی پاس سے آپریشن شروع کیا گیا، اس دوران نہروں کے کنارے رہائش پذیر افراد نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم انتظامیہ نے آپریشن جاری رکھا اور ہیوی مشینری کے ذریعے عملے نے 16دکانیں، 3ہوٹلز اور 5گھر مسمار کردیے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ دو ہفتے قبل بھی انتظامیہ کی جانب سے نہروں کے کنارے تجاوزات ختم کرنے کے لئے آپریشن کیا گیا تھا جس پر علاقہ مکینوں نے بھرپور مزاحمت کی تھی اور اس وقت پولیس نے سنگین صورتحال پر قابو پاتے ہوئے حالات کو کنٹرول کیا اور بند کئے گئے انڈس ہائی وے کو کھلوایا تھا۔ جس کے بعد قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے واضح کیا تھا کہ نہروں کے کنارے سے ہر صورت میں تجاوزات ختم کی جائیگی جبکہ انسانی ہمدردی کے ناطے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی کوشش کرینگے۔ بعد ازاں انتظامیہ کی جانب سے کیے جانیوالے آپریشن کیخلاف نہروں کے کنارے رہائش پذیر افراد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مبین جتوئی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی جو شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچی جہاں مظاہرین نے انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کئے جانے اور متبادل جگہ فراہم نہ کئے جانے کے خلاف کیمپ لگا کر دھرنا دیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما مبین جتوئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نہروں کے کنارے آباد افراد کو متبادل جگہ دیے بغیر گھروں سے بے دخل کررہی ہے، نہروں کے کنارے آباد افراد کو ہٹانے کے ساتھ انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ انہیں متبادل جگہ فراہم کرے ، کم از کم انہیں چھت فراہم کی جائے تاکہ یہ بے گھر خاندان کھلے آسمان تلے رہنے کے بجائے چھت کے نیچے اپنی زندگی گذار سکیں۔

تازہ ترین