کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر (ر) خالد کھوکھر نےپی ایچ ایف کا تھنک ٹینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی اور بہتری لانے کی تجاویز بھی مرتب کرے گا۔ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کار کردگی کے بعدقومی سینئر ہاکی ٹیم کی انتظامیہ کو برطرف اور جونیئر سطح پر بعض تبدیلیاں کرنے کے بعد انہوں نے ملکی ہاکی میں بہتری کیلئے ایک قدم مزید آگے بڑھایا ہے۔ذرائع کے مطابق صدر پی ایچ ایف نے قومی سینئر، جونئیر اور خواتین ہاکی ٹیم کے سابق کوچ اولمپئن گول کیپر قمر ضیاء کو تھنک ٹینک میں شمولیت کی دعوت دی ہے تاہم ان کی جانب سے تاحال اس پیش کش کو قبول نہیں کیا گیا ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر اسلام آباد اور لاہور کے بعد اگلے چند روز میں کراچی میں سابق ہاکی اولمپئنزسے بھی ملاقات کریں گے۔