اسلام آباد( نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے چوہدری نثار سے ملاقات کے دوران انہیں منانے کی کوشش کی، آج پھر ملاقات کریں گے،ساڑھے چار گھنٹے کی ملاقات میں وزیر ریلوےسعد رفیق بھی شامل تھے۔
وزیر اعلیٰ نے پارٹی اختلافات میڈیا پر نہ لانے کی درخواست کی جبکہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ کبھی ذات کا نہیں سوچا، پارٹی اور ملکی مفاد کو ہی مقدم رکھا، چند ایشوز کی پریس کانفرس کے ذریعے وضاحت ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحفظات کے ازالے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی بدھ کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا، وزیر خزانہ اسحق ڈار اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی ہمراہ تھے۔
شہباز شریف نے چوہدری نثار علی سے ان کی صحت سے متعلق دریا فت کیا، وزیر اعلیٰ نے لاہور دھماکے کے موقع پر پریس کانفرنس ملتوی کرنے کے چوہدری نثار علی خان کے عمل کو سراہا اور کہا کہ مشکل وقت میں قوم کے جذبات کی قدر کرنا دانشمندی ہے، چوہدری نثار نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیاگیا کہ پارٹی اور جمہوری نظام کے استحکا م کے لئے ضروری ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھا جائے۔ ذرائع کے مطابق ساڑھے چار گھنٹے کی ملاقات میں وزیراعلیٰ اور وزرا وزیر داخلہ کو پریس کانفرنس نہ کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ وزیر داخلہ بضد رہے کہ چندا یشوز کی پریس کانفرنس کے ذریعے وضاحت ضروری ہے، چوہدری نثار علی نے کہا کہ میں ناراض نہیں ہوں اورمسئلہ میری جانب سے شروع نہیں ہوا، تاہم تحفظات کا ازالہ ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب آج پھر چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق شہباز شریف نے چوہدری نثار کو پارٹی اختلافات میڈیا پر نہ لانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی معاملات مل بیٹھ کرحل کیے ہیں، آپ پارٹی کے اہم رکن ہیں اور آپ کی پارٹی کے لیے ناقابل فراموش خدمات ہیں،ذرائع کے مطابق اس موقع پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ چوہدری صاحب آپ پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور تمام معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے چاہیئں ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے دورہ مالدیپ سے واپسی پر وزیراعلیٰ پنجاب وزیرداخلہ سے اپنی ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے درمیان برف پگھل گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات کے بعد وزیرداخلہ کی بھی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان پیدا ہوگیا ہے ، آن لائن کے مطابق چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی ذات کیلئے نہیں سوچا بلکہ صرف پارٹی اور ملکی مفاد کو ہی مقدم رکھا لہذا اب حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں ایسے میں اپنے ضمیر کو فراموش نہیں کرسکتا ،اے این این کے مطابق ملاقات میں شہباز شریف نے چوہدری نثار کے تحفظات کو سنا اورانہیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی،نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری نثار نے واضح کہاہےکہ وہ وزارت ضرور چھوڑیں گے مگر پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ساتھ وابستگی جاری رکھیں گے۔