پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے آپریشن راہ نجات کے دوران نقل مکانی کرنے والے باجوڑ کے 180خاندانوں کی بے نظیر کمپلیکس رسالپور سے باجوڑ روانگی روک دی اور ڈی جی فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ ایجنسی کو نوٹس جاری کر دیا‘ عدالت عالیہ کے جسٹس لعل جان خٹک اور جسٹس عبد الشکور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اعجاز مومند اور سلطان محمد یوسفزئی ایڈوکیٹس کی وساطت سے دائر 180خاندانوں کی رٹ کی سماعت کی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وہ 2008ء میں آپریشن راہ نجات کے دوران باجوڑ ایجنسی سے نقل مکانی کرکے یہاں آباد ہوئے حکومت نے وہاں تباہ ہونے والے گھروں کیلئے 4لاکھ 60ہزار روپے جبکہ جزوی تباہ ہونے والے گھروں کیلئے ایک لاکھ 70ہزار روپے دینے کا اعلان کیا‘ تاہم نہ ہی یہ معاوضہ ادا کیا گیا ہے اور نہ ہی وہاں پر بعض بااثر افراد کی جانب سے درخواست گزاروں کی زمینوں پر ناجائز قبضے کو ختم کیاگیا ہے ان حالات میں ان خاندانوں کیلئے وہاں جانا ناممکن ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ ان درخواست گزاروں کی زمینیں واگزار کرنے کے ساتھ ساتھ معاوضے کی حتمی ادائیگی تک ان کی باجوڑ ایجنسی روانگی کو روکا جائے عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد روانگی کیخلاف حکم امتناعی جاری کردیا اور متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ۔