مسلم لیگ ن کے نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خان عباسی کا کہنا ہے کہ کابینہ مشاورت سے بنتی ہے اور اس کا فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو ہماری حکومت کی ترجیحات تھیں وہی میری بھی رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کا فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت ہی کرے گی جس میں میری مشاورت شامل ہوگی،کابینہ کا فیصلہ ایک دو روز میں ہوجائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیڈر نے ہمیں شائستگی کا سبق دیا، عوام فیصلہ کریں گے کہ اُن کی زبان درست ہے یا ہماری۔
شاہد خاقان نے مزید کہا کہ وزیراعظم آئینی طریقہ کار سے بنتا ہے، پٹیشنز کا کوئی اثر نہیں ہوگا، فضول قسم کی پٹیشنز کرنے کی روایت پڑ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں 30 سال سے اسمبلی میں ہوں اور 20 سے22 بار اثاثوں کی تفصیلات دی ہیں، میرے اثاثوں سے متعلق جس کو شک ہو تو وہ درخواست دائرکرسکتا ہے، میں بغیر کسی وکیل کے اس درخواست کا جواب دوں گا۔