پشاور ( نمائندہ جنگ) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود نے کہا ہے کہ ہاکی کے بعد بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان نے زیادہ میڈلز ریسلنگ میں جیتے ہیں کھیل کو فروغ کے لئے مالی وسائل دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا ریسلنگ ایسوسی ایشن اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی جانب سے ایشین جونیئر اینڈ کیڈٹ ریسلنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے والے عنایت اللہ کے اعزاز میں تقریب سے خطاب میں کیا۔
اس موقع پر سابق صوبائی وزیرریسلنگ فیڈریشن کے صدر سید عاقل شاہ، سیکرٹری چوہدری ارشد ستار، پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے صدر میاں افتخار حسین اور ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر ارشاد احمد درانی نے بھی خطاب کیا۔ خالد محمود نے کہا کہ 1989 کے بعد کسی پاکستانی کھلاڑی کا ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں میڈل جیتنا ملک کے لئے بڑا اعزاز ہے، عنایت اللہ کو تربیت دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائینگے اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی طرف سے یوتھ اولمپکس اسکالرشپ دلوانے کی کوششیں کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ عنایت اللہ نے ایشین ایونٹ میں ازبکستان، منگولیا اور ایران کے کھلاڑیوں کو شکست دی جبکہ فائنل میں وہ سے ہار گئے تھے۔