لاہور(نمائندہ جنگ‘مانیٹرنگ سیل)وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے صاحبزادے اور ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عائشہ احد کا دعویٰ جھوٹاہے ‘وہ عدالت میں ثبوت نہیں لاسکی۔عائشہ احد کے الزامات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ عائشہ احدکے الزامات میں کوئی صداقت نہیں‘وہ اپنا مقدمہ ہارچکی ہے۔عدالت نے ثبوت فراہم نہ کرنے پر عائشہ احد کو جھوٹا قرار دیا۔ ادھرحمزہ شہباز شریف کے ترجمان نے عائشہ احد کی پریس کانفرنس کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جوابی کارروائی کےسوا کچھ نہیں اور ایسی کارروائیاں عائشہ گلالئی کےعمران خان پر الزامات سے عوام کی توجہ نہیں ہٹا سکتیں ‘ عمران خان اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی جوابی الزامات کی بجائے اپنے لیڈر سے بے گناہی ثابت کرنے کی اپیل کرے۔ ترجمان کے مطابق عائشہ احدکا کردار پی ٹی آئی نے گزشتہ الیکشن میں پس پردہ رہ کر تخلیق کیا اور ان کے الزامات بے بنیاد تھے جس کی سرعام تردید کی اور عائشہ احد کے سرپرست کیس کو 2012 میں عدالت میں لے کر گئے مگر عدالت اُس کیس میں حمزہ شہباز کو 2014 میں بری الذمہ قرار دے چکی ہے۔