• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں چاہتا ہوں مہاجروں کے تمام دھڑے ایک ہوجائیں،مشرف

Todays Print

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مہاجر تین دھڑوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔میں چاہتا ہوں کہ مہاجروں کے تمام دھڑے ایک ہوجائیں لیکن سب کی سوچ پاکستان کیلئے ہونی چاہیے۔ مقدمات سے گھبرانے والا نہیں ہوں۔اپنی وطن واپسی کی تاریخ کا جلد اعلان اور عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کروںگا۔ ملک کو تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے۔ اے پی ایم ایل آئندہ الیکشن میں بھرپورحصہ لے گی اور عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوا رکو ملیر آر سی ڈی گراؤنڈ میں اے پی ایم ایل کراچی ڈویژن کے تحت منعقدہ جلسے سے  ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ  حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے سبب پاکستان عالمی طور پر دنیا میں تنہا ہوگیا ہے۔ ملک میں کرپشن اور لوٹ مار عروج پر ہے۔ بھارت کے پاکستان کیلئے خطرناک عزائم ہیں ۔ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور پاکستان کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ کراچی میں پٹھان، پنجابی، سندھی، سرائیکی، بلوچی، مہاجر سمیت تمام قومیتوں اور مذاہب کے لوگ رہتے ہیں۔ کراچی ہی اصل پاکستان ہے۔

آج مجھے کراچی کی صورت حال دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ آج یہ شہر تباہ حال ہوگیا ہے۔ ہمارے دور میں کراچی میں اصل ترقی ہوئی۔ میں نے ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا۔ ایم کیو ایم کے اس وقت کے ناظم مصطفی کمال نے اچھا کام کیا لیکن آج کراچی تباہ حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کی سیاست قومیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ پاکستان کی بنیاد پر ہے۔ ہمارا ملک قومیتوں میں بٹ گیا ہے۔ ہماری پہچان صرف پاکستان سے ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی صرف مہاجروں کا نہیں بلکہ سب کا شہر ہے۔ آج مہاجر مختلف دھڑوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔میرے لیے تینوں دھڑے برابر ہیں ۔میں کسی ایک دھڑے کی حمایت نہیں کرتا۔

میں چاہتاہوں کہ ایم کیو ایم لندن، پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی مل جائیں۔ سب پاکستان کی بات کریں۔ آج سے پاکستانیت کا سفر شروع کیا جائے۔ تمام پنجابی، پٹھان، مہاجر، سندھی، بلوچی تمام قومیتوں کے لوگ ایک ہوجائیں اور سب کا ایک ہی نعرہ ہونا چاہیے ۔سب سے پہلے پاکستان۔ انھوں نے کہا کہ آج پاکستان کی صورت حال تشویشناک ہے۔ ملک کی حالت اچھی نہیں ہے۔ ملک کا معاشی نظام تباہ ہوگیا ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے لیکن کرپشن، رشوت خوری، اقربا پروری نے ملک کی معاشی حالت کو تباہ کردیا ہے۔ آج ملک میں سیاسی بحران بھی ہے۔آج کے جلسے سے ملک میں پاکستانیت کا پیغام عام کیا جارہا ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کسی صوبے کی نہیں بلکہ پاکستان کی جماعت ہوگی۔میں حالات سے گھبرانے والا نہیں۔انھوں نے جلسے میں شریک لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستانیت کا درس پورے ملک میں عام کریں۔

اے پی ایم ایل کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پرویز مشرف واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اپنے دور حکومت میں کشکول توڑ دیا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) نے ملک کو دوبارہ قرضے میں جکڑدیا۔ اسحاق ڈار منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ انہیں دوبارہ وزیر خزانہ بنادیا ہے۔ جے آئی ٹی نے نواز شریف کو مجرم قرار دیا ہے۔ آج وہ سڑکوں پر گھوم رہے ہیں، انہیں گرفتار کیا جانا چاہیے۔ شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور اس سانحے میں ملوث لوگوں کو گرفتار کیا جائے۔

آج نواز شریف اور ان کے حواری یہ نعرہ لگا رہے ہیں کہ ڈکٹیٹروں کے دور میں ملک تباہ ہوا۔ یہ کونسی جمہوریت کی بات کررہے ہیں۔ یہ جمہوریت کی آڑ میں کرپشن اور لوٹ مار کرتے ہیں۔ ان کے اکاؤنٹ بیرون ملک میں موجود ہیں۔ پاکستان کے لوگوں کو ایسی جمہوریت نہیں چاہیے۔ اصل جمہوریت ہم دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے آئین نہیں توڑا، بلکہ نواز شریف نے آئین توڑا انہیں جیل میں ہونا چاہیے۔ جلسے سے اے پی ایم ایل کراچی ڈویژن کے صدر احمد حسین نے کہا کہ ہم کراچی کے دیگر اضلاع میں بھی جلسہ کریں گے۔ اس موقع پر دیگر رہنماؤں نے اعلان کیا کہ 12 اگست کو فیصل آباد میں جلسہ ہوگا جس میں 10 سے زائد جماعتوں کا اتحاد شرکت کرے گا۔

تازہ ترین