اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب ہم سڑکوں پر نکلے تو الزام لگایا گیا کہ ہم جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں اشارہ ملا ہے لیکن اب نواز شریف بتائیں کہ انہیں سڑکوں پر نکلنے کا کس نے اشارہ دیا۔ خود کو بے قصور ثابت کرنے کے لیے کسی کو اتنا موقع نہیں ملا جتنا نواز شریف کو ملا ہے، جب صفائی پیش کرنے کا موقع ملا تب صفائی پیش نہیں کی اور اب کہہ رہے ہیں کہ سازشیں ہو رہی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ اعلٰی عدلیہ نے نواز شریف کو مجرم قرار دیا اور وہ اسلام آباد سے لاہور تک سرکاری خرچ پر جا رہے ہیں، پاکستانی فوج کی طرف انگلی اٹھائی جا رہی ہے کیا یہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنا نہیں ہے۔ بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج کہتا ہے فیصلہ نہیں مانتا اگر نواز شریف فیصلہ نہیں مانتے تو دوسرے قیدی کیوں مانیں، نوازشریف کو خود کو بے قصور ثابت کرنے کا موقع ملا مگر وہ اپنے آپکو بے قصور ثابت بھی کیسے کر سکتے تھے، ن لیگ کے پاس کرپٹ فیملی سے الگ ہونے کو سنہری موقع تھا،ن لیگ شریف خاندان کو بچا نہیں سکتی، آپ ساتھ ہی ڈوبیں گے اب بھی موقع ہے، ن لیگ شریف خاندان کی کرپشن سے الگ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سرکاری خرچے پر لاہور جا رہے ہیں ایک مجرم جس کو عدالت سزا دے چکی ہے وہ سڑک پر ہاتھ ہلائے اس کے ساتھ بُرا ہوا اس قوم کے خلاف سب سے بڑی سازش ہو رہی ہے نواز شریف میں پوچھتا ہوں کہاں سے اشارہ آیا ہے اشارہ کہیں باہر والوں کی طرف سے تو نہیں ہے۔