لاہور(خصوصی نمائندہ، نمائندگان جنگ، نامہ نگار)ُ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لاہور اورجی ٹی روڈ پر واقع مختلف شہروں میں تاریخی استقبال کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں،ن لیگی رہنماؤں کی طرف سے استقبالیہ قافلوں کو حتمی شکل دیدی گئی۔اسلام آباد سے لاہور تک میاں نواز شریف راستے میں 14 مقامات پر عوام سے خطاب کریں گے۔ جن مقامات پر میاں نواز شریف کے خطاب کی اطلاع ملی ہیں ان میں روات، جہلم ، سرائے عالمگیر ، کھاریاں ، لالہ موسیٰ، گجرات ، وزیر آباد، گگھڑ، گوجرانوالہ ، کامونکی ، مریدکے ، فیروز والہ، شاہدرہ موڑ اور نیازی چوک شامل ہیں۔ ان شہروں میں استقبالیہ بینرز ہورڈنگ لگا دئیے گئے ہیں ۔ ضلع گجرات میں استقبال کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کیلئے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے گجرات کا دورہ کیا۔ اس سلسلے میں ایک اہم میٹنگ بھی ہوئی جس سے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی وصوبائی اسمبلی ممبران، ضلعی چیئرمین اوریونین کونسل کے وائس چیئرمین اور کونسلرز سے گفتگو کی۔ نواز شریف سے گجرات کے ضلعی عہدیداران پاکستان مسلم لیگ ن، سرکاری افسران، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کرینگے۔لیگی کارکنان، ایم این ایز، ایم پی ایز ساتھیوں کے ہمراہ نواز شریف کا استقبال کرینگے اور تاریخ ساز استقبال کو یقینی بنائینگے۔ خواجہ سعدرفیق کو ڈپٹی کمشنر گجرات محمد علی رندھاوا، ڈی پی او گجرات سہیل ظفر چٹھہ اور دیگر تمام استقبال کی تیاریوں سے بریف کیا گیا۔