پشاور ( نیوز ڈیسک ) یوم شہداء پولیس کے حوالے سے فرنٹیئر فائونڈیشن کے زیراہتمام صوابی پولیس لائن میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر گوہرخان کے تعاون سے بلڈکیمپ کا انعقاد کیاگیا جس میں پولیس اہلکاروں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا اور تھیلی سیمیا ودیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کیلئے خون کے عطیات جمع کرائے ، فرنٹیئرفائونڈیشن کی ٹیم میں ڈاکٹرعلی جواد، پی آر او نصراللہ اوردیگر شامل تھے، بلڈ کیمپ کے موقع پر ڈاکٹر علی جواد نے خون عطیہ کرنے کے حوالے سے لیکچر بھی دیا، اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر گوہرخان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے صوبہ میں امن و استحکام کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں جو نہ صرف تاریخ کاحصہ ہیں بلکہ پوری قوم کو ان پر فخرہے،دریں اثناء فرنٹیئرفائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر گوہرخان کاصوابی پولیس لائن میں کیمپ کے انعقاد میں تعاون پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کیلئے جہاں پولیس کی قربانیاں لازوال ہیں وہاں انہوں نے خون کے موروثی امراض میں مبتلا بچوں کیلئے خون کے عطیات دے کرقابل تقلید مثال رقم کردی ہے۔