کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لندن میں ہونے والے ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں حصہ لینے والی قومی ٹیم کے آفیشلز ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور منیجر حنیف خان کو تاحال ایونٹ کی رپورٹ جمع نہ کرانے پر نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے پی ایچ ایف ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں آئین، فنانس، امپائرنگ ، ڈسپلنری اور کمپی ٹیشن کمیٹیز تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نے ٹیکنو کریٹ کے نمائندے کی حیثیت سے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان ہاکی لیگ پر محض رسمی طور پر گفتگو ہوئی۔ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر ( ر) خالد کھوکھر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن میں جاری تنازع کی وجہ سے کسی بھی گروپ کے نمائندے کو بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ خواتین کی سینئر ہاکی چیمپئن شپ کی میزبانی کراچی کو دی گئی جو ممکنہ طور پر اکتوبر میں کھیلی جائے گی۔جبکہ مختلف قومی ایونٹس کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا۔ کوچنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں ٹیکنو کریٹ مصدق حسین، نوید عالم، سکریٹری شہباز احمد، چیف سلیکٹر حسن سردار، سندھ سے رمضان جمالی، پنجاب سے آصف کھوکھر، بلوچستان سے لشکر رئیسانی، اخلاق عثمانی، سید محمد طارق ہدی، خواتین ونگ کی چیئر پرسن خوش بخت شجاعت نے شر کت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام معاملات میں صوبائی ایسوسی ایشنوں کو اعتماد میں لیا جائے گا ان کی مشاورت سے قائم ہونے والی پانچوں کمیٹیوں میں ارکان کی تقرری کی جائے گی۔