کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے تر بیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ بدھ سے کراچی کے ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ کراچی اور ڈھاکا کے موسم مماثلت کو دیکھتے ہوئے کیمپ کو کراچی منتقل کیا گیا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پی ایچ ایف نے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں ٹرف کی خرابی کے باوجود وہاں کیمپ کا پہلا مرحلہ شروع کردیاجس میں کھلاڑیوں نے کھیل کی ایک گھنٹے بھی پریکٹس نہیں کی اور 13کھلاڑیوں کو فٹنس کی بنیاد پر فارغ کردیا گیا ۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی انتظامیہ نے پی ایچ ایف سے درخواست کی کہ ایشیا کپ سے قبل ٹیم کو ملائیشیا، کوریا یا پھر مصر سے 2 سے 3 میچز کا انتظام کرے تاکہ ایونٹ میں شرکت سے قبل پلیئرز کی صلاحیتوں کو بھر پور انداز میں جانچنے کا موقع مل سکے، ایشیا کپ 12 سے 22 اکتوبر تک بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔ ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ فرحت خان نے کہا ہے کہ ٹیم کے فٹنس مسائل اپنی جگہ لیکن اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ ہماری ٹیم اپنے خلاف ایک گول ہو جانے پر پریشر میں آجاتی ہے، ہمیں کھلاڑیوں کی فٹنس کے ساتھ انھیں ذہنی طور پر مضبوط بنانے کی بھی ضرورت ہے جس پر کام کر رہے ہیں۔ فرحت خان نے کہا کہ اگر ورلڈ کپ کوالیفائنگ رانڈ میں سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر نہ بٹھایا جاتا تو نتائج اتنے برے نہ ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں میں جیت کیلیے لڑنے کا جذبہ پیدا کیے بغیر ٹیم کو کامیابی کی ڈگر پر نہیں چلا سکتے۔ کھلاڑیوں کی فٹنس اور تکنیک پر توجہ دے کر مستقبل میں اچھے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں، ماضی قریب میں ٹیم سے نکالے گئے سینئر کھلاڑیوں کو کیمپ میں واپس بلانے کا مقصد ایشیا کپ کیلیے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ترتیب دینا ہے۔ یقین ہے کہ ایسی ٹیم بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ایشیا کپ کےلئے شارٹ کیے گئے 38 کھلاڑیوں میں چار گول کیپرز مظہر عباس ، امجد علی ،ولید اختر ،حافظ علی عمیر چھ فل بیکس میں محمد عرفان ،علیم اقبال ، عاطف مشتاق ،حسن انور ، مبشر علی ،سید کاشف شاہ ، ہاف بیکس میں عماد شکیل بٹ ، ایم رضوان جونیئر ،سلیم ناظم ، ابوبکر محمود ،فیصل قادر ،سران بن قمر ،راشد محمود ، تصور عباس ،علی حسن فراز ، جنید کمال اور فارورڈز میں شان ارشد ، ایم عرفان ، ارسلان قادر ، عمربھٹہ ، اظفر یعقوب ،عامر علی ، عبدالحسیم خان ، محمد دلبر ، کریم خان ، ایم رضوان سینئر ، رضوان علی ،محمد نوید ، عتیق ارشد ، اعجاز احمد ، علی شان ، بلال قادر ، خضر اختر اور قمر بخاری شامل ہیں۔