لاہور(ایجنسیاں )وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں گے اوراس ضمن میں تمام آپشنز زیر غور ہیں‘مشاورت کے بعد حتمی پروگرام جاری کیا جائے گا ‘ بلاول کسی اور کی لائن پر چل رہے ہیں‘ہمارے ساتھ جو ہونا تھا ہو گیا مگر اب آنے والوں کے ساتھ ایسا ہرگز نہ ہو گا‘عمران خان سے تاریخی غلطی ہوگئی‘اب بھی سب کچھ نوازشریف کے ہاتھ میں ہے ۔ وہ منگل کو جاتی امراء میں پارٹی اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔
سعد رفیق نے کہا کہ بلاول کہتے ہیں کہ وہ ہمارا فون نہیں سنیں گے‘وہ بتائیں انہیںفون کیا کس نے ہے، عوامی مفاد میں ترامیم میں ساتھ نہیں دیں گے تو عوام انہیں چھوڑدیں گے۔
زرداری صاحب بلاول کو خود گا ئیڈ لائن دیں ،انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اب معلوم ہوا ہے کہ ان سے تاریخی غلطی ہو گئی اور انہیں اس کا احساس ہونا شروع ہو گیا ہے، وہ قسمیں اٹھا کر بھی کہیں گے کہ اس میں میرا کردار نہیں تو کوئی نہیں مانے گا کیونکہ مرکزی مہرہ آپ ہی تھے ۔
انہوںنے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین کا خیال تھا کہ محمد نواز شریف پر عدالتی نا اہلی کا ٹھپہ لگے گا اور وہ سر نیچا کر کے گھر چلے جائیں گے لیکن عدالتی فیصلے کے بعد ہماری عوامی سپورٹ میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے ، جو ہمارے خلاف بحری جہاز کا ” بھو بھو “ بنے ہوئے تھے اللہ ان کا بھی بھلا کرے لیکن جی ٹی روڈ کے سفر سے کچھ چیزیں بدلی ہیں اور مخالفین کو اس کا اندازہ ہو گیا ہے ، محمد نواز شریف کا کارکن اب وزیر اعظم ہے او ر دوسرے کارکن وزراءہیں ‘ اب بھی سب کچھ نواز شریف کے ہاتھ میں ہے ،بتائیں اپوزیشن کے ہاتھ میں کیا آیا ہے۔