اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ خاص طور پر قانون سازی‘ حکومت کی جوابدہی اور شفافیت کے ذریعے پارلیمنٹ کے کردار کو مزید اجاگر کیا جا رہا ہے۔
جمہوریت مشکلات اور مسائل کو عزم اور حوصلے کے ساتھ حل کرکے ہی مضبوط ہوتی ہے اور پارلیمان کی توقیر کے بغیر جمہوریت کے ثمرات سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا۔ انہوں نے نوجوان انٹرنز پر زور دیا کہ وہ پارلیمان کے سفیر کے طور پر پارلیمان کا پیغام عوام تک پہنچائیں گے اور رابطہ کاری میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
میاں رضا ربانی نے مختصر مدتی انٹرن شپ پروگرام مکمل کرنے والے نوجوان انٹرنز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔