• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایفی ڈرین کیس ‘ حنیف عباسی‘ خاندان کے اکائونٹس منجمد، اثاثوں کی تفصیل طلب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کیخلاف ایفیڈرین کیس میں ازسرنو تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ‘ انسداد منشیات فورس (اے این ایف ) نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ حنیف عباسی اپنے ، اہلیہ ، 2بیٹیوں ، بیٹے اور بھائی کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں ، ان کے اور ان کے خاندان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے اور ایک لاکھ سے زائد رقم بل اطلاع منتقل کرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے تاہم اے این ایف حکام کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں چیلنج کردیاہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انسداد منشیات فورس کی جانب سے حنیف عباسی کیخلاف منشیات کیس کی مزید انکوائری کیلئے نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں حنیف عباسی اور اس کے اہل خانہ کو اپنے تمام بینک اکاؤنٹس اور اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ حنیف عباسی، اپنی اہلیہ دو بیٹیوں، بیٹے اور بھائی کے نام اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں، مذکورہ تمام افراد بغیراجازت کسی اور شخص کو رقم کی منتقلی نہ کریں ٗاے این ایف نے حنیف عباسی اور ان کے اہل خانہ سے بینک ٹرانزیکشنز، قرضوں، سرمایہ کاری، انشورنش کمپنیوں کو ادائیگیوں یا پریمیم سے متعلق بھی معلومات طلب کی ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا کہ ایک لاکھ سے زائد بینک ٹرانزیکشنز، چیکس، بینک ڈرافٹ، ٹرانسفر لیٹر، ڈپازٹ سلپ، بینک چیک بک سیریل نمبر سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے، حنیف عباسی اور اس کے اہل خانہ سے فاران ریمیٹنس کی معلومات بھی مانگی گئی ہیں۔ دوسری جانب حنیف عباسی نے اہلیہ، دو بیٹیوں، بیٹے اور بھائی سمیت انکے اکاونٹس منجمند کرنے اورایفی ڈرین کوٹہ کیس کی از سر نو تحقیقات شروع کرنے کیلئے اے این ایف حکا م کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹس کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں چیلنج کردیا ہے۔ تنویراقبال ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر رٹ میں استدعا کی گئی ہے کہ اے این ایف حکام کی طرف سے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں ملزم حنیف عباسی اور ان کے اہل خانہ کے خلاف مزید تحقیقات کیلئے نوٹس جاری کیا گیاہے جو خلاف قانون ہے، حنیف عباسی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں صرف ایک گواہ کا بیان قلمبند ہونا باقی ہے لہٰذا کیس کو دوبارہ کھولنا اور از سر نو تحقیقات شروع کرنے کا مقصد ان کو پریشان کرناہے۔

تازہ ترین