پشاور(سٹی رپورٹر) ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے جنرل بس سٹینڈ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے حوالے سے اپنے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کیا‘ اس موقع پر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن صاحبزادہ محمد طارق ‘ اڈہ منیجر مظہر خان ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی اے رضوان خان ‘اے ڈی پی ڈی اے خالد خان بھی ان کے ہمراہ تھے اس دوران انہوں نے جنرل بس سٹینڈ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا ‘ ٹھیکیدار نے ضلع ناظم کو جنرل بس سٹینڈ میں ہونے والے کاموں اور اپنی مشکلات سے آگاہ کیا اس موقع پر ضلع ناظم نے کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈائریکٹر کوارڈنیشن اور اڈہ منیجر سے فوری رابطہ کر نے کی ہدایت کی ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے جنر ل بس سٹینڈ میں جاری ترقیاتی کاموں جس میں فائبر گلاس لگانا ‘ چار دیواری ‘ صاف پانی کی فراہمی کیلئے پائپ لائن پر کام اور گرین بیلٹ کو 10 دن کے اندر مکمل کرنے کے بھی احکامات جاری کئے اس موقع پر ضلع ناظم نے کہاکہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے تمام اڈے بین الاقوامی طرزپر بنائے جائینگے جس میں مسافروں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائینگی انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کے وقت مسافروں کی مشکلات کا خاص خیال ر کھا جائے اور اڈہ میں جاری ترقیاتی کاموں میں مسافروں کیلئے سہولتوں کا خیال رکھا جائے انہوں نے اڈہ میں کام کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے ڈبل شفٹ میں کام کرنے کے بھی احکاما ت جاری کئے انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموںپر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا تمام ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلدمکمل کیاجائے انہوں نے کہاکہ بھی غفلت کی صورت میں سخت سے سخت کارروائی کی جائیگی-بعدازاں ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے چارسدہ بس سٹینڈ کا بھی دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی اے کو جلد از جلد ویٹنگ شیڈز لگانے کیلئے احکامات جاری کئے اس موقع پر انہوں نے چارسدہ سٹینڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کا موں کے کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے احکامات جاری کئے ۔