• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیوایم کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے،رابطہ کمیٹی لندن

لندن( جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ لندن رابطہ کمیٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ ادارےسندھ کے شہری علاقوں میں ایم کیوایم کرش ایجنڈے پر کام کررہے ہیں،کراچی اورحیدرآباد میں رینجرزپولیس اور دیگرقانون نافذ کرنیوالے دیگراداروں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے ذمہ داروں اورکارکنوں کو مسلسل غیرقانونی طور پر گرفتارکیا جا رہا ہے جو شدید قابل مذمت فعل ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی ملکی وبین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ غیرقانونی گرفتاریوں اور جبری گمشدگی  کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رینجرز نے سرجانی ٹاؤن کے کارکنان ارشدحسین ، ریحان قریشی ، حامدیعقوب کو گرفتارکرلیا جبکہ اس سے قبل لانڈھی سے  کارکن نعیم منصور، کورنگی یونٹ75 کے غیرمسلم کونسلر بوبی ولسن، اسی یونٹ کے رکن کامران ولد اکرام الدین، ارشدمیو، ریحان قریشی ، اے پی ایم ایس او سیفی کالج یونٹ کے کارکن محمد رافع اوران کے چارکزن، مویشی منڈی سے فیڈرل بی ایریا یونٹ144 کے سابق یونٹ انچارج آصف خورشید، اے پی ایم ایس او کے کارکن محمد انس ، ناظم آباد گلبہاریونٹ 188 کے کارکنان محمد اویس ولد محمد ساجد ، منیرالدین ولد معین الدین حیدرآباد لطیف آباد کے کارکنان امام الدین ولد فضل ارحمان ، یاسر ولد شاکر حسین ، سمیع ولد شبیر علی ، دانش ولد محمد رمضان ، بلال حیدرولد جاوید اختر، محمد شاہد چوہان ولد تاج محمد چوہان اور محسن شیخ کو گرفتارکرلیاجبکہ کورنگی یونٹ 75 کے کارکنان ارسلان ، سہیل ، دانش اور اوصاف کی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں پر بھی غیرقانونی چھاپے مارے اور کارکنان کے نہ ملنے پر ان کے اہل خانہ کوسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی غیرقانونی گرفتاریوں اورجبری گمشدگیوں کا فوری نوٹس لیاجائے اور تمام بے گناہ کارکنان کو فی الفور رہا کرایاجائے۔

تازہ ترین