اسلام آباد(خبر ایجنسی)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ امریکی صدر کے بیان کی پروا کیے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاکستان کسی کی خوشنودی کے لیے نہیں بلکہ اپنی سلامتی اور قیام امن کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہے۔ امریکی صدر کے بیان اور نئی افغان پالیسی کے اعلان کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چوہدری نثار کے اقدامات کو آگے بڑھائیں گے، اسی لیے ان کی سب سے پہلی ترجیح نیشنل ایکشن پلان کو کامیاب بنانا ہے، نیشنل ایکشن پلان کو کامیاب بنانے کےلئے ہی تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری لائن بڑی واضح ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے لہٰذا سیاسی جماعتیں چھوٹے چھوٹے مفادات کی خاطر ملکی سلامتی کو دائو پر نہ لگائیں جب کہ جو آئین اور قانون کو ہاتھ میں لے گا اس سے سختی سے نمٹیں گے، قومی لائحہ عمل کو کامیاب بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، سیکورٹی اور خفیہ اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کیلئے نیکٹا کو ایک موثر ادادہ بنایا جائے گا، وفاقی حکومت امن وامان کے سلسلے میں تمام صوبائی حکومتوں سے تعاون کو مزید بہتر بنائے گی تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں، پاکستان کا دہشتگردی کے خلاف عزم خطے میں اقتصادی طاقت بننے کیلئے اس کے اپنے مفاد میں ہے۔