• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناران و کالام کے ترقیاتی منصوبے ستمبر میں مکمل کرنے کا فیصلہ

پشاور(وقائع نگار)صوبائی حکومت کی زیرنگرانی محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے صوبہ کے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی اور انفرسٹرکچر کیلئے ناران اور کالام میں 2.5ارب کےTAIDU پراجیکٹ(Tourism Area Integrated Development Unit)کے تحت تعمیر و مرمت اوردیگر کاموں پر کام کی رفتار تیز کرتے ہوئے ستمبر میں مکمل کرنے کافیصلہ کیا ہے ، جس کے بعد ملکی و غیر ملکی سیاح کالام ، ناران اور کاغان کے سیاحتی مقامات کی سیرو تفریح کیلئے بآسانی رخ کرسکیں گے، گزشتہ روز اپنے دفتر پشاو رمیں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سیاحت ، ثقافت ، آثارقدیمہ ، کھیل و امور نوجوان محمد طارق کا کہنا تھا کہ مذکورہ پراجیکٹ پر کالام میں 1.2 ارب کے مختلف منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے جس میںکالام مین روڈ،بوئین روڈ، کالام کوکونیل روڈ، تحصیل روڈ، گائیل روڈ،کارگالو روڈ، نبل روڈ، ڈپٹی کمشنر کاٹیج روڈ، ڈی آئی جی کاٹیج روڈ اور مین بازار روڈکی دوبارہ تعمیر ،کشادگی ،بحالی اور مختلف مقامات پر ریسٹ ائریاز، فوڈ سٹریٹ کا قیام ،تفریحی پارک، بازار میں موجود ہوٹلز اور ریسٹورنٹ کی خوبصورتی، تزہین و آرائش سمیت دیگر 7مختلف منصوبوں پرکام ستمبر کے دوسرے ہفتے میں مکمل کرلیا جائیگاجبکہ اس کیساتھ ساتھ ناران کیلئے 51کروڑ کی لاگت سے بحالی و ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں ریسٹ ائریاز، داخلی راستے، بازاروں کی خوبصورتی ، داخلی راستوں پر سٹریٹ لائٹس کا قیام، چلڈرن پارکس، فوڈسٹریٹ کا قیام،پھولوں کی مارکیٹ،کرکٹ گرائونڈ، نکاسی آب کا نظام، سڑکوں کی فرش بندی، جھیل سیف الملوک تک روڈ کی تعمیر ،پارس سے شاران روڈ کی تعمیر،جرید سے شوگران روڈ شامل ہیں، ان تمام علاقائی ترقیاتی کاموںکو ستمبر میں مکمل کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سیاحت محمد طارق نے کہاکہ اس پراجیکٹ کے مکمل ہونے سے صوبہ میں سیاحت مزید فروغ پائے گی اور نتھیاگلی کے بعد اب سیاح کالام، ناران اور کاغان میں بھی ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔
تازہ ترین