اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر داخلہ احسن اقبال جمعہ کی شام اچانک تھانہ آبپارہ پہنچ گئے ۔ جہاں انہوں نے رپورٹنگ روم ، حوالات اور ایس ایچ او کے کمرے کا معائنہ کیا اور تھانے میں موجود سائلوں کی فریادسنی اور فوری قانونی مدد کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کی بروقت مدد میں اپنا کردار نبھائے پولیس اہلکار عام شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں ۔ وزیر داخلہ کا تھانہ آبپارہ کا دورہ اتنا اچانک تھا کہ ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی ، ڈی ایس پی فد استی بھی پہنچ گئے ایس ایچ او اور انسپکٹر تنویر عباسی پہلے سے تھانے میں موجود تھے ۔ جس نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ وہ لا گریجویٹ ہے وزیر داخلہ نے تھانہ آبپارہ کو ماڈل پولیس سٹیشن بنانے کے سلسلے میں تعمیراتی کام میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے جس پر ایس ایس پی اپریشنز نے بتایا کہ آئی جی آفس تعمیراتی کام کی نگرانی کر رہا ہے ۔ کام دسمبر 2017تک مکمل ہو نا ہے اسلام آباد کے 7تھانوں کو ماڈل پولیس اسٹیشن میں تبدیل کرنا ہے جس پر وزیر داخلہ نے ایس ایس پی کو ہدایت کی کہ ماڈل پولیس سٹیشنوں میں تعلیم یافتہ اور سلجھے ہوئے اہلکار تعینات کئے جائیں جو کمزور طبقوں کی شکایات کا ازالہ کر کے خوشی محسوس کریں ۔