گوادر(نامہ نگار)بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما و گوادرکے رکن صوبائی اسمبلی میرحمل کلمتی نے گزشتہ روز پلیری کا دورہ کرکے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی فنڈ سے منظور شدہ جیونی کے بجلی فراہمی کے منصوبے کے کام کا جائزہ لیا۔ جیونی کو گوادر گرڈ سے کنکٹ کرنے کی منصوبے میں تین کروڈ نوے لاکھ روپے کی لاگت آئے گی جسے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے میرحمل کلمتی کی خصوصی درخواست پر اپنے فنڈ سے منظور کیا تھا۔اس موقع پر انہوں نے کام کو تسلی بخش قرار دے کا اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کام کے معیار پر سمجھوتا نہیں کیا جائے۔
اس منصوبے کو جلداز جلد مکمل کرکے جیونی کو گوادر گرڈ سے منسلک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر کام کررہا ہوں ۔عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتا ہوں ۔جیونی سمیت تمام علاقوں کے مسائل کی حل کے لئیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری در خواست پر انہوں نے اس کام کے لیئے بروقت فنڈ جاری کیا۔اس موقع پر بی این پی کے ضلعی صدر حسین واڈیلہ ،نائب صدراکرم حیات،ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبر میرانور،تحصیل نائب صدر ذاہد مرید،اظہر کلمتی ،شے مختار،شمس الدین بلوچ،اویس بلوچ و دیگر رہنماء بھی ہمراہ تھے۔