چارسدہ میں عید کے دن بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف مشتعل مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئےتنگی گرڈ اسٹیشن پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی۔
مظاہرین کی قیادت قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے خالد خان اور تحصیل ناظم تنگی یحییٰ جان کررہے تھے، ڈنڈا بردار مظاہرین نے پہلے علاقہ ڈھکی میں روڈ بلاک کیا اور پھر تنگی بازار میں گرڈ اسٹیشن پہنچ کر ہلہ بول دیا۔
مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور ہیوی مشینری کو نقصان پہنچایا، مظاہرین نے پیسکو ملازمین کے کوارٹروں پر بھی حملہ کیا اور ان کے گھروں کے شیشے توڑ دیے۔
پیسکو حکام کاکہنا ہے کہ شمالی ہشت نگر میں بجلی چوری ہو رہی ہے اور صارفین بجلی بل ادا نہیں کر رہے، اس لیے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، اس موقع پرپولیس کی بھاری نفری بھی طلب کر لی گئی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور تحفظات دور کرنے کے یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔