• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی احکامات نظرانداز، ٹھٹھہ میں عید کے تینوں دن بدترین لوڈشیڈنگ

ٹھٹھہ+ٹھری میر واہ+گھارو(نامہ نگاران ) حکومتی احکامات کے برعکس عید کے پہلے، دوسرے اور تیسرے دن بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، فراہمی آب کا نظام شدید متاثر، شہری شدید مشکلات سے دوچار۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تین دن تک لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے واضح اعلان کے باوجود عید کے پہلے، دوسرے اور تیسرے ضلع ٹھٹھہ کے تمام شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، پیر کے دن عیدالاضحٰی کے تیسرے روز حیسکو کی جانب سے ضلع میں بجلی کی فراہمی علی الصبح ہی منقطع کردی گئی جو کہ سہہ پہر تین بجے بحال ہوئی، لگاتار دس گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی بند رہنے کے باعث واٹر سپلائی کا نظام مفلوج ہوکر رہ گیا اور لوگ شدید مشکلات سے دوچار رہے، دریں اثناء شہریوں نے حیسکو کے ناروا رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے واضح احکامات کے باوجود عوام بدترین لوڈ شیڈنگ بھگت رہے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا بھی نہیں انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر بجلی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افسران کے خلاف کاروائی کی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے عوام کو رلیف فراہم کیا جائے۔

ٹھری میرواہ سے نامہ  نگار کے مطابق  شہر میں عید کے تین روز تحصیل بھر میں شدید گرمی میں بھی بجلی  گھنٹوں  بند  رہی جس سےعوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تحصیل کے شہروں ٹھری میرواہ، پیروسن ،سوئی گیس، سمیت  تمام چھوٹے بڑے شہروں اوردیہات میں شدید گرمی کی لہر جاری رہی اور سیپکو کی جانب سےگھنٹوں  بجلی بند رہی جس سے عوام کو سخت مشکلات کاسامنا کر نا پڑا ۔ ایک طرف بجلی بند تو دوسری جانب  شدید گرمی کی لہر نے عوام کو مشکلات میں مبتلا کردیا۔ گھارو۔

حکومت کی جانب  سے واضح اعلان کے باوجود کہ عید کے 3 روز ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی  لیکن متعلقہ انتظامیہ نے اس کے برعکس عید کے تینوں روز غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی انتہا کر دی جبکہ گھارو اور دھابیجی میں عید سے ایک دن قبل  بھی جمعہ کے روز تمام دن شہری بجلی کی سہولت سے محروم رہے۔

تازہ ترین