ٹھٹھہ(نامہ نگار) برما کے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف سول سوسائٹی اور شہریوں کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کے بیہمانہ قتل عام کے خلاف سول سوسائٹی اور شہریوں نے ایدھی سینٹر سے پریس کلب ٹھٹھہ تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں درجنوں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ پریس کلب کے مقام پر مظاہرین نے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا اور شاہراہ بلاک کردی۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ برما میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے تاہم اس کے باوجود جمہوریت کا چیمپیئن امریکا ، اقوام متحدہ، دیگر عالمی قوتیں اور حقوق انسانی کی تنظیمیں ظالموں کو روکنے کے بجائے خاموش تماشائی بن کر یہ ظلم دیکھ رہے ہیں جس سے ان کے دہرے معیار کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ امریکا، اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی قوتیں برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و جبر کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کریں اور امن مشن بھیجیں، انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔