• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں ایمرجنسی شعبے میں خدمات سے متعلق ورکشاپ

اسلام آباد (جنگ نیوز) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام دورِ حاضر کی ضروریات کےمدِنظرآج 8 ستمبر کو ایکیوٹ ایمرجنسیز اینڈ ٹراما منیجمنٹ کے عنوان سے ورکشاپ ہو گی، جس کا مقصد معالجین خاص طور پرایمرجنسی کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں کو کم وسائل میں بہتر طریقے سے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی ـ اس سلسلے میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر کی کاوشوں کے نتیجے میں انگلینڈ اور امریکہ میں خدمات سرانجام دینے والے ماہرین کا ایک وفد آج کل پاکستان کے دورے پر آیا ہے جو ورکشاپ میں ٹریننگ فراہم کرنے کے فرائض سرانجام دے گاـ وفد کی رہنمائی پاکستانی نژاد معالج ڈاکٹر ایاز عباسی کر رہے ہیں ـ یونیورسٹی کے نمائندہ کے مطابق آج کل ڈاکٹروں کے ہر طرح کی متوقع ایمرجنسی کوبہترین علاج معالجہ فراہم کرنے کی جدید ٹریننگ کی اشد ضرورت ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی حالت میں قیمتی جانوں کا ضیاع بچایا جا سکےـ اسی سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے راولپنڈی کےالائیڈ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بیرون ملک سے ماہرین کو راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں ٹریننگ مہیا کرنے کے لیے مدعو کیا ـ اس موقع پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ماہرین کے وفد کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ایاز عباسی اور پروفیسر محمد عمر کے مابین ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے جائیں گے جس کے تحت آئندہ بھی بیرون ملک سے ماہرین راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں میسر سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانے کے لئے کردار ادا کریں گے ـ
تازہ ترین